کاروار:13/ڈسمبر (ایس او نیوز) ضلع کے مرکزی مقام کاروار میں ٹاٹاکینسر انسٹی ٹیوٹ ممبئی کے اشتراک و تعاون سے مجوزہ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ کینسر اسپتال کی تعمیر کے لئے زمین کے دستاویزات کو ضلع نگراں کاروزیر آر وی دیش پانڈے نے اسپتال اہل کاروں کو منتقل کیا۔
کاروار میڈیکل کالج کے زیر سرپرستی کینسر اسپتال اپنی خدمات انجام دے گا، اسپتال کے لئے جدید ٹکنالوجی کے مشینوں اوراشیاء کی خریداری کے لئے ٹاٹا ادارہ معاشی تعاون دے گا۔ فاریسٹ حق کمیٹی میں عرضی دے کر کمیٹی سے زمین کی منظوری لی گئی ہے، شرواڑ کے سروے نمبر 17اے پر 0.99ہیکٹر زمین پر اسپتال کی تعمیر ہوگی۔
اسپتال عملے کو زمینی دستاویزات منتقل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ضلع نگراں کار وزیر دیش پانڈے نے کہاکہ ٹاٹاادارے کے سی ایس آر فنڈ کے تحت اسپتال کی تعمیر ہوگی، اسپتال کے ذریعے علاقہ کے تمام عوام کو بہترین طبی خدمات بہم پہنچائی جائیں گی، اس طرح ضلع کے لئے ایک کینسر اسپتال کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کی بات کہی۔ کاروار میں میڈیکل کالج کے قیام کے بعد طبی میدان میں بہتری آئی ہے۔اس موقع پر ڈی سی ایس ایس نکول، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، نائب صدر سنتوش رینکے ، ضلع پنچایت آفیسر چندرشیکھر نایک اور اپر ڈی سی پرسناایچ موجود تھے۔